تشریح:
قرآن مجید کی سب سے پہلے کون سی آیات نازل ہوئیں اس کے متعلق دو مشہور قول حسب ذیل ہیں۔©۔ جمہور اہل علم کا قول ہے کہ سورہ علق کی ابتدائی پانچ آیات سب سے پہلے نازل ہوئیں۔ ©۔ سب سے پہلے سورہ مدثر کا نزول ہوا جیسا کہ حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا موقف ہے۔ ان دونوں اقوال میں تطبیق کی حسب ذیل صورتیں بیان کی گئی ہیں۔ ©۔ علی الاطلاق پہلے سورہ علق کی آیات نازل ہوئیں لیکن پوری کامل سورت پہلے مدثر نازل ہوئی۔ ©۔ زمانہ فترت سے پہلےسورہ علق کی آیات نازل ہوئیں اور زمانہ فترت کے بعد سب سے پہلے سورہ مدثر نازل ہوئی۔ ©۔ سورہ علق کی آیات کے نزول کے لیے کوئی سبب پیش نہیں آیا جبکہ سبب کے پیش آنے کے بعد سب سے پہلے سورہ مدثر نازل ہوئی۔ ویسے ترجیح پہلے موقف کو ہے کیونکہ حدیث جابر میں ہے کہ جب میں نے سر اٹھایا تو وہی فرشتہ دیکھا جو مجھے حراء میں نظر آیا تھا جو زمین و آسمان کے درمیان کرسی پر بیٹھا ہوا تھا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پہلے فرشتہ وحی کو دیکھ چکے تھے اور اس کی آپ سے ملاقات ہو چکی تھی۔ واللہ اعلم۔