تشریح:
ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مرض وفات میں ان سورتوں سے خود پر دم کرتے تھے۔ راوی نے امام زہری سے پوچھا کہ آپ کے دم کا کیا طریقہ تھا تو انھوں نے بتایا: انھیں پڑھ کر آپ اپنے ہاتھوں پر پھونک مارتے، پھر ان ہاتھوں کو چہرے پر پھیرلیتے تھے۔ (صحیح البخاري، الطب، حدیث:5735) ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان سورتوں کو سوتے وقت پڑھتے تھے جیسا کہ آئندہ روایت (5017) میں اس کی صراحت ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ابن شہاب زہری سے ایک ہی سند کے ساتھ دو حدیثیں مروی ہیں۔ بعض حضرات نے بیماری کے وقت پڑھنے کو بیان کیا جبکہ کچھ حضرات نے لیٹتے وقت انھیں پڑھنے کا ذکر کیا ہے۔ (فتح الباري:79/9)