تشریح:
(1) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے سامنے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما سے نکاح کرنے کی خواہش کا ذکر کیا تو انھوں نے کہا: وہ تو آپ کی بھتیجی ہے اور بھتیجی سے نکاح درست نہیں۔ اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضاحت فرمائی کہ تم میرے دینی اور اسلامی بھائی ہو اور اسلامی اخوت، نکاح میں رکاوٹ نہیں بنتی، البتہ حقیقی بھتیجی سے نکاح حرام ہے ۔
(2) امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد یہ ہے کہ کم عمر لڑکی کا بڑی عمر کے مرد سے نکاح جائز ہے، شرعاً اس میں کوئی ممانعت نہیں۔ ایک روایت میں مزید وضاحت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت خولہ بنت حکیم رضی اللہ عنہما کو حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ کے پاس بھیجا کہ وہ ان کے پاس حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما سے نکاح کا ذکر کریں۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا: وہ تو ان کی بھتیجی ہے۔ اس سے نکاح کس طرح جائز ہوسکتا ہے؟ حضرت خولہ رضی اللہ عنہما نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آ کر حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ کا کلام ذکر کیا تو آپ نے فرمایا: ’’انھیں کہو کہ تم میرے دینی بھائی ہو، اس لیے تمہاری بیٹی میرے لیے حلال ہے۔‘‘ حضرت خولہ رضی اللہ عنہما حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے پاس آئیں اور ان سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بات ذکر کی تو انھوں نے کہا: جاؤ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بلا لاؤ، چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے تو انھوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما کا نکاح ان سے کر دیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت خولہ رضی اللہ عنہما کے کلام کو اپنا کلام قرار دیا کیونکہ وہ آپ کی طرف سے وکیل تھیں۔ (مسند أحمد:211/6 ، والسنن الكبريٰ للبيهقي: 7/129، و فتح الباري:156/9)