تشریح:
1) ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا جواب سن کر اس عورت نے دوبارہ کہا کہ اس کی آنکھ ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔ آپ نے فرمایا: ’’وہ سرمہ استعمال نہیں کر سکتی اگرچہ اس کی آنکھ ضائع ہو جائے۔‘‘ (معرفة الصحابة لأبي نعيم الأصبهاني، رقم: 7125) حضرت اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہا بھی اس حدیث کے پیش نظر یہی فتوی دیتی تھیں۔ لیکن بیہقی وغیرہ کی روایت میں ہے کہ رات کے وقت سرمہ لگا لیا کرے اور دن کے وقت اسے صاف کر دیا کرے۔ (السنن الكبرى للبيهقي: 440/7) اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر سرمہ لگانے کی ضرورت نہ ہو تو کسی صورت میں اسے استعمال نہ کرے، اگر ضرورت پڑے تو رات کو استعمال کر کے دن کو اسے صاف کر دیا جائے۔ بہرحال ہمارا رجحان یہ ہے کہ عورت کو ایام سوگ میں سرمہ لگانے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ (فتح الباري: 604/9) والله أعلم