تشریح:
(1) اس امر پر علمائے امت کا اتفاق ہے کہ سوگ منانے والی عورت زرد رنگ کے کپڑے یا دوسرے رنگین کپڑے نہیں پہن سکتی لیکن سیاہ رنگ کا لباس استعمال کر سکتی ہے کیونکہ سیاہ لباس زینت کے لیے نہیں بلکہ حزن و افسوس کے اظہار کے لیے ہوتا ہے۔ بعض علماء نے اس حدیث کے پیش نظر لکھا ہے کہ عورت ان دنوں سفید لباس پہن سکتی ہے لیکن اگر سفید لباس زینت کے لیے ہے تو اس کے استعمال پر پابندی ہے، اسی طرح جب سیاہ لباس زینت کے لیے ہو گا تو اسے بھی استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ (2) امام بخاری رحمہ اللہ نے اس عنوان اور پیش کردہ حدیث سے یہ ثابت کیا ہے کہ سفید سیاہ دھاری دار کپڑے کے استعمال میں کوئی حرج نہیں، اسی طرح جو کپڑا بننے سے پہلے اس کا دھاگا رنگین ہو اسے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ زینت کے لیے نہ ہو۔ واللہ اعلم (فتح الباری: 9/608)