تشریح:
(1) امام بخاری رحمہ اللہ نے پہلے موقوف روایت بیان کی ہے اس کے بعد مرفوع روایت کو ذکر کیا ہے۔ یہ مرفوع روایت، موقوف کے لیے بطور دلیل ہے کہ جب چہرے پر مارنا منع ہے تو اس پر نشان لگانا کس طرح جائز ہو سکتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ انہوں نے عنوان میں اس روایت کی طرف اشارہ کیا ہو جو اس کے متعلق صریح ہے، چنانچہ حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے چہرے پر مارنے اور چہرے پر نشان لگانے سے منع فرمایا ہے۔ (صحیح مسلم، اللباس و الزینة، حدیث: 5550 (2116)) ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سے ایسا گدھا گزرا جس کے چہرے پر نشان لگایا گیا تھا تو آپ نے فرمایا: ’’اس شخص پر اللہ کی لعنت ہو جس نے یہ داغ لگایا ہے۔‘‘ (صحیح مسلم، اللباس و الزینة، حدیث: 5552 (2117))
(2) چہرے کے علاوہ جسم کے کسی دوسرے حصے پر بطور علامت داغ لگانا جائز ہے۔ اس کی وضاحت آئندہ ہو گی۔ واللہ أعلم