تشریح:
نماز مغرب کا وقت غروب آفتاب ہے جیسا کہ اس کے نام سے ظاہر ہے۔ ایک حدیث میں ہے کہ نماز مغرب اس وقت پڑھی جاتی جب سورج غروب ہوکر پردوں میں چھپ جاتا۔ (صحیح مسلم، المساجد، حدیث:1440(636)) ایک روایت میں ہے کہ مغرب کی نماز کا وقت، اس وقت ہوتا ہے جب آفتاب غروب ہوکر بالکل غائب ہو جائے اور سرخی غائب ہونے تک رہتا ہے۔ (صحیح مسلم، المساجد، حدیث:1385(612)) غروب آفتاب کے بعد مغرب کی جانب کچھ دیر تک سرخی رہتی ہے جو اکثر موسموں میں تقریباً ایک گھنٹے تک افق پر رہتی ہے۔ اس کے ختم ہونے پر مغرب کا وقت ختم ہوجاتا ہے اور عشاء کا وقت شروع ہوجاتا ہے۔