تشریح:
(1) شفا کا حصول دوسری چیزوں سے بھی ممکن ہے لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بطور خاص تین چیزوں کا ذکر کر کے اصول علاج کی طرف اشارہ فرمایا ہے کہ جو خونی امراض ہیں وہ تو اخراج خون سے درست ہو سکتی ہیں۔ اس کے لیے سینگی لگوانا مفید ہے۔ فصد کے ذریعے سے بھی خون نکالا جا سکتا ہے لیکن عربوں میں اس کا عام رواج نہیں تھا۔ صفراوی امراض کا علاج شہد سے ممکن ہے کہ شہد مُسہل ہے۔ اس سے صفراوی مادہ خارج ہو جاتا ہے۔ اگر کسی طریقے سے فضول مواد خارج نہ ہو تو وہاں آگ سے داغنا مفید ہے لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا ہے کیونکہ اس میں مریض کو بہت تکلیف ہوتی ہے۔ حقیقت میں داغ دینا ایک آخری علاج ہے، جب کوئی دوا اثر نہ کرتی ہو تو اسے استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ (فتح الباری: 172/10)
(2) جب تک ممکن ہو ہلکے پھلکے انداز سے علاج کرنا چاہیے، یعنی پہلے غذا سے، پھر ادویات سے، اس کے بعد سینگی لگوانے سے، اس کے بعد رگ کاٹنے سے، آخر میں داغ دینے سے، بہرحال داغ دینا بھی علاج کا طریقہ ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت سعد بن معاذ رضی اللہ عنہ کو داغ دیا تھا لیکن یہ اس صورت میں ہے جب کوئی دوسرا طریقہ کارگر نہ ہو۔