تشریح:
(1) دور جاہلیت میں کاہنوں کا یہ طریقہ تھا کہ وہ اپنے باطل کلام کو مسجع اور قافیہ بند عبارت سے مزین کرتے تاکہ باطل، اس عبارت میں دب جائے اور اس کی حقیقت نہ کھل سکے اور لوگوں کو وہم میں مبتلا کرتے تھے کہ اس میں نفع ہے۔ اس حدیث میں مذکور اس شخص نے بھی یہی کام کیا تھا کہ مسجع عبارت سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فیصلے کو رد کرنے کی کوشش کی، اس لیے وہ مذمت کا مستحق ہوا۔ لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کوئی اور سزا نہ دی کیونکہ آپ کو جاہلوں سے درگزر کرنے کا حکم تھا۔
(2) اس حدیث سے کہانت پیشہ کی مذمت ہے اور ان لوگوں کی بھی تردید ہے جو الفاظ و عبارت پیش کرنے میں کہانت پیشہ لوگوں کی نقالی کرتے ہیں۔ بہرحال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو فیصلہ فرمایا وہی برحق تھا، باقی اس شخص کی بکواسات تھیں جنہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہانت سے تشبیہ دے کر کہانت کی طرح باطل ٹھہرایا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے غیب کی خبریں بتانے کو شیطانی کام قرار دیا ہے، (سنن أبي داود، الطب، حدیث: 3907) لہذا کاہنوں، یعنی مستقبل کی خبریں بتانے والوں، نجومیوں اور دست شناسوں کے پاس جانا، ان سے خبریں دریافت کرنا، پھر ان کی تصدیق کرنا حرام اور ناجائز ہے۔ شریعت نے اس قسم کے توہمات کو باطل ٹھہرایا ہے۔ واللہ أعلم