تشریح:
(1) یہ قبائیں ریشمی تھیں۔ حدیث کے انداز سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے پہنا تھا۔ حافظ ابن حجر نے فرمایا ہے کہ شاید اس وقت ریشم پہننا مردوں کے لیے حلال ہو گا، یا آپ نے بطور حفاظت اس قبا کو اپنے اوپر ڈالا ہو گا۔ اسے پہننا نہیں کہتے جیسا کہ ایک روایت میں صراحت ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم باہر تشریف لائے تو آپ کے پاس قبا تھی۔ (المستدرك للحاکم: 390/3، حدیث: 6074، و فتح الباري: 332/10)
(2) اس سے معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی ضروریات کا خیال رکھتے تھے اور ان کے مزاج کو بخوبی سمجھتے تھے۔ دینی رہنماؤں کو اس سے سبق لینا چاہیے اور اپنے رفقائے کار کا خیال رکھنا چاہیے۔