تشریح:
(1) ورس ایک زرد رنگ کی گھاس ہے جو کسی حد تک زعفران جیسی ہوتی ہے۔ اس سے کپڑوں کو رنگا جاتا ہے۔ ان احادیث میں محرم کو جوتا پہننے کی اجازت ہے۔ جب محرم انہیں پہن سکتا ہے تو عام لوگوں کو تو بالاولیٰ اس کی اجازت ہے، چنانچہ حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم اکثر جوتا پہنا کرو کیونکہ جب کوئی جوتا پہنتا ہے تو راحت و آرام میں اس طرح ہوتا ہے گویا وہ سواری پر سوار ہے۔‘‘ (صحیح مسلم، اللباس والزینة، حدیث: 5494 (2096))
(2) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جوتا پہننے والے کو سوار سے تشبیہ دی ہے کیونکہ اس سے سفر کی مشقت میں تخفیف، تھکاوٹ کم اور راستے کی تکلیفوں سے پاؤں محفوظ رہتے ہیں۔ (فتح الباري: 381/10)