تشریح:
(1) حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے شہادت والی اور درمیانی انگلی میں انگوٹھی پہننے سے منع فرمایا۔ (صحیح مسلم، اللباس والزینة، حدیث: 5490 (2078)) اس سے معلوم ہوتا ہے کہ درمیانی اور شہادت والی انگلی میں انگوٹھی نہیں پہننی چاہیے بلکہ چھنگلیا اور اس کے ساتھ والی انگلی میں انگوٹھی پہنی جائے۔ ان انگلیوں میں انگوٹھی پہننے میں حکمت یہ ہے کہ یہ ہاتھ کے ایک طرف ہوتی ہیں اور کوئی چیز پکڑتے وقت یہ انگلیاں بہت کم استعمال ہوتی ہیں، اس طرح انگوٹھی کی توہین نہیں ہوتی۔
(2) مستحب یہ ہے کہ انگوٹھی دائیں ہاتھ میں پہنی جائے جیسا کہ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے دائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہنتے تھے (سنن أبي داود، الخاتم، حدیث: 4226) اگرچہ بائیں ہاتھ میں بھی پہنی جا سکتی ہے جیسا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث میں ہے۔ (صحیح مسلم، اللباس والزینة، حدیث: 5489 (2095))