تشریح:
(1) حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بالوں کی خوبصورت منظر کشی بڑے دل کش انداز میں بیان کی ہے۔ انہوں نے فرمایا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے موئے مبارک خوبصورت اور قدرے خمدار تھے، نہ بالکل سیدھے لٹکے ہوئے اور نہ ہی زیادہ پیچ دار۔ جب ان میں کنگھی کرتے تو ہلکی ہلکی لہریں بن جاتیں جیسا کہ ریت کے ٹیلے یا تالاب میں ہوا چلنے سے لہریں ابھر آتی ہیں اور جب کچھ دن کنگھی نہ کرتے تو بال آپس میں مل کر انگوٹھی کی طرح حلقوں کی شکل اختیار کر لیتے۔ (دلائل النبوة: 298/1)
(2) اس حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال مبارک کے متعلق جو اوصاف بیان ہوئے ہیں، ان کی تائید دیگر احادیث سے بھی ہوتی ہے۔