تشریح:
(1) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہر قسم کے تکبر سے پاک تھے بلکہ آپ میں انتہا درجے کی تواضع اور انکساری تھی جس کی دلیل یہ ہے کہ ادنیٰ سی لونڈی جب چاہتی، جس کام کے لیے جہاں چاہتی آپ کو لے جاتی، آپ انکار نہ کرتے تھے۔
(2) تکبر کی مذمت میں بہت سی احادیث وارد ہیں، چنانچہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس انسان کے دل میں ذرا بھر بھی تکبر ہوگا وہ جنت میں نہیں جائے گا۔‘‘ پوچھا گیا: ایک آدمی کی خواہش ہے کہ اس کے کپڑے اور جوتا اچھا ہو، کیا یہ بھی تکبر ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’نہیں بلکہ تکبر یہ ہے کہ حق کو ٹھکرا دے اور لوگوں کو حقیر سمجھے۔‘‘ (صحیح مسلم، الإیمان، حدیث:265(91)) ایک دوسری روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ نے مجھے وحی کی ہے کہ تم تواضع اور انکساری اختیار کرو حتی کہ کوئی آدمی دوسرے پر سرکشی نہ کرے۔‘‘ (صحیح مسلم، الجنة ونعیمھا، حدیث:7110(2865))