تشریح:
(1) إذا اعتكف کے معنی یہ ہیں کہ جب مؤذن فجر کے انتظار میں رہتا تاکہ صبح اچھی طرح روشن ہوجائے تو اذان دے۔ مؤذن کی اذان کے بعد رسول اللہ ﷺ دو رکعت سنت فجر پڑھتے تھے۔ جیسا کہ دوسری روایت میں ہے کہ جب مؤذن اذان دیتا اور صبح خوب روشن ہوجاتی تو رسول اللہ ﷺ دو رکعت پڑھتے۔ (صحیح البخاري، التطوع، حدیث :1181) ایک اور روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ فجر طلوع ہونے کے بعد ہلکی پھلکی دو رکعت پڑھتے تھے۔ (صحیح البخاري، التطوع، حدیث:1173)
(2) امام بخاری ؒ کے اس عنوان پر دواعتراض ہیں:٭یہ بات تو واضح ہے کہ فجر کے بعد اذان ہوتی ہے، لہٰذا عیاں را چہ بیاں؟ اگر اس عنوان کا اہتمام ضروری تھا تو زوال کے بعد اذان اور غروب کے بعد اذان کے عنوانات کو کیوں نظر انداز کیا گیا ہے؟ ٭ترتیب کا تقاضا یہ تھا کہ پہلے قبل از فجر اذان کا عنوان قائم کیا جاتا، پھر اذان بعد از فجر کا باب ہوتا۔ ہمارے نزدیک ان اعتراضات کی کوئی حیثیت نہیں، کیونکہ امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ اذان فجر جو اصل ہے وہ تو بعد از فجر ہی ہے اور قبل از فجر اذان نماز کے لیے نہیں بلکہ اس کے اور مقاصد ہیں۔ چونکہ اذان بعد از فجر اصل تھی، اس لیے اسے پہلے بیان کیا اور قبل از فجر اذان کی حیثیت ثانوی تھی، اس لیے اسے بعد میں بیان فرمایا۔