تشریح:
(1) اس حدیث میں آیت حجاب کا ایک دوسرا پس منظر بیان ہوا ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ نے سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی خواہش کے پیش نظر اس حکم کو نازل فرمایا، چنانچہ وہ خود بیان کرتے ہیں کہ میں نے عرض کی: اللہ کے رسول! کاش، آپ اپنی بیویوں کو پردے کا حکم دے دیں کیونکہ ان سے اچھے اور برے ہر قسم کے لوگ (مسائل پوچھنے کے لیے) بات کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ نے آیت حجاب نازل فرمائی۔ (صحیح البخاري، الصلاة، حدیث:402)
(2) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ قصۂ نکاحِ زینب اور خواہشِ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ یہ دونوں واقعات، اس آیت حجاب کی شان نزول ہیں۔ (فتح الباري:30/11) واللہ أعلم