تشریح:
1۔اس حدیث میں حج کا ذکر نہیں ہے کیونکہ روایت میں اختصار ہے۔صحیح مسلم کی روایت میں حج کا ذکر بایں الفاظ ہوا ہے کہ ہم میں سے ہر شخص پرحج فرض ہے جوزادسفر کی استطاعت رکھتا ہو۔(صحیح مسلم، الایمان، حدیث: 102(12)) نیز حضرت ضمام کی آمد 9ہجری میں ہوئی تو اس وقت حج فرض ہوچکا تھا کیونکہ ان کا تعلق بنوسعد سے ہے جو قبیلہ ہوازن کا ایک بطن(حصہ) ہے اور قبیلہ ہوازن غزوہ حنین کے بعد مسلمان ہوا تھا۔(فتح الباری: 201/1) 2۔اس حدیث سے خبر واحد کے حجت ہونے کا بھی ثبوت ملتا ہے کیونکہ حضرت ضمام بن ثعلبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنی آپ بیتی قوم کے سامنے بیان کی تو انھوں نے اس کااعتبار کیا اور مسلمان ہوگئے،نیز یہ بھی معلوم ہوا کہ اگردادا کی شہرت زیادہ ہوتواس کی طرف نسبت کرنے میں کوئی حرج نہیں۔( فتح الباری: 202/1) 3۔امام حاکم رحمۃ اللہ علیہ نے اس روایت سے عالی سند کے افضل ہونے پر استدلال کیا ہے،نیز اس کا حصول ایک بہترین مشغلہ ہے کیونکہ حضرت ضمام نے اپنی آمد سے پہلے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قاصد سے یہ تمام باتیں معلوم کررکھی تھیں لیکن خود حاضر ہوکر دریافت کیا۔اس سے معلوم ہواکہ اگرکسی کے پاس کوئی روایت چند واسطوں سے ہے اور کسی دوسرے شیخ سے روایت لینے سے ان واسطوں میں کمی آسکتی ہے تو ملاقات کرکے عالی سند حاصل کرلینی چاہیے(فتح الباری: 201/1) ۔4۔امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصد یہ ہے کہ غرض وقراءت کا طریقہ بھی معتبر ہے،اس میں کوئی خامی نہیں کہ اس کا اعتبار نہ کیاجائے جیساکہ حضرت ضمام بن ثعلبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بہت سی دینی باتیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے پیش کیں اور آپ نے ان کی تصدیق وتصویب فرمائی،پھرحضرت ضمام بن ثعلبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنی قوم کے پاس گئے انھوں نے ان کا اعتبار کیا اور سب کے سب ایمان لے آئے۔نوٹ:۔حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے علامہ ابومحمد بن صغانی کے حوالے سے لکھا ہے کہ بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے نسخہ بغداد یہ میں حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ایک حدیث درج ہے،دیگر کسی نسخے میں اس حدیث کا وجود نہیں ملتا ،لہذا ہم نے بھی اسے قلم زد کردیا ہے۔(فتح الباری: 203/1) یاد رہ کہ ہمارے ہندی مطبوعہ نسخوں میں موجود ہے۔