تشریح:
(1) حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ مذکورہ بالا آیت نماز کے متعلق نازل ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے فرمایا: تم نماز میں قرآن کی قراءت اتنی بلند آواز سے نہ کرو کہ مشرک قرآن کو برا بھلا کہیں اور نہ اس قدر آہستہ پڑھیں کہ آپ کے صحابہ بھی نہ سن سکیں بلکہ درمیانی راہ اختیار کریں۔ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4722) جبکہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا فرمان ہے کہ یہ آیت دعا کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں: ممکن ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے دوران نماز میں دعا کے متعلق فرمایا ہو، اس طرح دونوں اقوال میں تطبیق ہو جاتی ہے۔ (فتح الباري: 515/8)
(2) امام بخاری رحمہ اللہ نے اسی تطبیق سے عنوان ثابت کیا ہے، چنانچہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ابن مردویہ کے حوالے سے اس آیت کی شان نزول ذکر کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب بیت اللہ کے پاس نماز پڑھتے تو بلند آواز سے دعا کرتے، اس وقت یہ آیت نازل ہوئی۔ (فتح الباري: 515/8)