تشریح:
(1) نماز کےلیے تیز دوڑ کر آنے والے کی دو صورتیں ہیں: ٭ایک یہ کہ نماز کے لیے اقامت ہوچکی ہو، نمازی اس لیے تیزی کرتا ہے کہ وہ جلدی نماز میں شامل ہوکر تکبیر اولیٰ کی فضیلت حاصل کرسکے، لیکن اس قسم کے اچھےجذبات رکھنے کے باوجود نماز کے لیے تیز دوڑ کر آنے سے منع کیا گیا ہے، جیسا کہ مذکوہ حدیث میں ہے ۔٭دوسری صورت یہ ہے کہ ابھی نماز کے لیے اقامت نہیں ہوئی، وہ یقینا تکبیر اولیٰ اور پہلی رکعت میں شامل ہوسکتا ہے، اس کے باوجود وہ نماز میں شمولیت کے لیے دوڑ کر آتا ہے، اس سے بھی منع کیا گیا، جیسا کہ حدیث ابی قتادۃ ؓ (635) میں ہے، کیونکہ ایسا کرنا نماز کے وقار اور سکون کے خلاف ہے۔ بعض حضرات نے اس امتناعی حکم کی حکمت ان الفاظ میں بیان کی ہے کہ اقامت کے بعد تیز دوڑ کر نماز میں شامل ہونے والے کا سانس چڑھا ہو گا جو دوران نماز میں خشوع خضوع کے منافی ہے، کیونکہ ایسا کرنے سے اس کی قراءت اور نماز سے متعلقہ دیگر احکام متاثر ہوسکتے ہیں۔
(2) صحیح مسلم کی روایت میں اضافہ ہے کہ جب تم میں سے کوئی نماز کا قصد کرتا ہے تو نماز ادا کرنے سے قبل ہی بحالت نماز شمار ہوتا ہے۔ اس بنا پر نمازی کو نماز سے پہلے بھی ایسے کاموں سے اجتناب کرنا ہوگا جو نماز کے منافی ہیں۔ آرام و سکون سے نماز کی طرف آنے کی وجہ سے اگر نماز کا کچھ حصہ بھی نہ پاسکا تو بھی نماز کے ثواب سے محروم نہیں ہوگا۔ نماز کے لیے پروقار طریقے سے آنے کا ایک فائدہ یہ بھی ہو گا کہ آہستہ آہستہ چلنا بھی اس کے ثواب میں اضافے کا باعث ہے، کیونکہ ایسا کرنے سے اسے نماز کےلیے زیادہ قدم اٹھانے ہوں گے اور ہر قدم کے بدلے درجات کا بلند ہونا حدیث سے ثابت ہے۔ (فتح الباري:154/2)
(3) صلاۃ مسبوق (جس آدمی کی نماز کا کچھ حصہ فوت ہوجائے) کی ترتیب کا مسئلہ بھی اس حدیث کے تحت آتا ہے، کیونکہ اس حدیث کو بیان کرنے والے اکثر راوی باقی ماندہ نماز پڑھنے کےلیے لفظ اتمام بیان کرتے ہیں جس کا تقاضا ہے کہ امام کے ساتھ ادا کردہ نماز آخری حصہ ہے، اسے پہلے حصے کو پورا کرنا ہو گا۔ اس اختلاف کا نتیجہ اس صورت میں برآمد ہوگا کہ ایک آدمی امام کے ساتھ مغرب کی تیسری رکعت میں شامل ہوتا ہے، امام کے سلام پھیرنے کے بعد اس نے باقی ماندہ دو رکعت ادا کرنی ہیں، اتمام والے (شوافع) حضرات کے نزدیک اگرچہ امام کی آخری رکعت تھی، لیکن مسبوق کی پہلی رکعت مکمل ہے، اس لیے سلام کے بعد پہلی رکعت کے ساتھ ایک رکعت ملا کر تشہد بیٹھے گا، پھر تیسری رکعت پڑھ کر قعدۂ اخیرہ کرے گا اور سلام پھیرے گا۔ اس کے برعکس قضا والے (احناف) حضرات کا موقف ہے کہ امام کے ساتھ اس کی آخری رکعت ادا ہوئی ہے، اب اس نے پہلی اور دوسری رکعت پڑھنی ہے، اس لیے وہ سلام کے بعد پہلی رکعت میں ثنا، تعوذ اور فاتحہ کے ساتھ کوئی اور سورت بھی ملائے گا، اس طرح وہ دوسری رکعت پڑھ کر قعدۂ اخیرہ بیٹھے گا اور سلام پھیرے گا۔ ہمارے نزدیک پہلی صورت راجح ہے جس کے حسب ذیل دلائل ہیں:٭حضرت علی ؓ سے مروی ہے کہ امام کے ساتھ جو نماز تم پا لو وہ تمھاری پہلی نماز ہے۔ (السنن الکبرٰی للبیهقي:299/2)٭اتمام کا حکم اس بات کا ثبوت ہے کہ امام کے ساتھ مسبوق نے جتنی نماز پڑھی تھی وہ اس کی ابتدائی نماز تھی۔ اور جن روایات میں لفظ قضا ہے وہ بھی اتمام کے معنی میں ہے۔ جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے :﴿ فَإِذَا قُضِيَتِ الصَّلَاةُ فَانتَشِرُوا فِي الْأَرْضِ﴾ ’’پھر جب نماز ادا ہوچکے تو زمین میں منتشر ہوجاؤ۔‘‘ (الجمعة 62: 10)
(3) اگر امام کے ساتھ پڑھی گئی نماز مسبوق کی آخری رکعت ہو تو اسے باقی ماندہ نماز کی آخری رکعت کے لیے تشہد پڑھنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ وہ امام کے ساتھ اسے پڑھ چکا ہے، حالانکہ اس کا کوئی بھی قائل نہیں ہے، بلکہ تمام حضرات اسے امام کے ساتھ تشہد پڑھ لینے کے باوجود بھی آخری رکعت میں تشہد پڑھنے کی تلقین کرتے ہیں۔