تشریح:
(1) امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد اس حقیقت کو بیان کرنا ہے کہ کائنات کا ذرہ ذرہ قضا و قدر کے فولادی شکنجے میں کسا ہوا ہے۔ جو کچھ تقدیر میں لکھا ہوا ہے وہ بہر صورت ہو کر رہے گا، چنانچہ آیت کریمہ میں ہے: جب کسی قوم کے اعمال و کردار کے پیش نظر یقین ہو جاتا ہے اور ان پر لازم ہو جاتا ہے کہ اب وہ رجوع نہیں کریں گے تب اللہ تعالیٰ ان پر اپنے عذاب کا کوڑا برساتا ہے۔ (الأنبیاء: 95/21) اسی طرح قوم نوح کے متعلق بھی تقدیر کا لکھا ہوا غالب آیا۔ مہلت کے باوجود وہ ایمان لانے والے نہیں تھے، اس لیے انہیں بھی تباہی سے دوچار ہونا پڑا۔ (2) حدیث سے بھی تقدیر کے دائرے کی وسعت کا پتا چلتا ہے کہ اس میں صرف حسنات اور سیئات ہی نہیں بلکہ ان کے مقدمات بھی لکھ دیے گئے ہیں۔ انسان یہ سمجھتا ہے کہ جب اس نے عملی طور پر زنا نہیں کیا تو شاید اس سے پہلے جو خرافات اس سے سرزد ہوئی ہوئی ہیں وہ نہ ہونے کے برابر ہیں، اس لیے وہ شاید محاسبۂ تقدیر میں داخل نہ ہوں لیکن اس مشت خاک کو یقین رکھنا چاہیے کہ وہ بھی مقدرات میں شامل ہیں پھر تقدیر کی گرفت بھی کتنی زبردست ہے کہ جو حصہ زنا ہوتا بھی انسان کے اختیار و ارادے سے۔
(3) چونکہ زانی کا سارا جسم اس جرم میں شریک ہوتا ہے، اس لیے اس کی سزا بھی ہر ہر عضو کو بھگتنا پڑتی ہے، شاید جنابت میں تمام جسم کا غسل بھی اسی لیے فرض قرار دیا گیا ہے۔ واللہ أعلم