تشریح:
(1) لغت کے اعتبار سے غَدَا کے معنی صبح کے وقت آنا اور رَاحَ کے معنی شام کے وقت آنا، ہیں لیکن عام طور پر یہ دونوں لفظ آمدورفت کے معنی میں استعمال ہوتے ہیں۔ صحیح بخاری کے بعض نسخوں میں عنوان کی عبارت(فضل من خرج) ہے، یعنی غَدَا کےبجائے خَرَجَ کا لفظ ہے جو صبح وشام دونوں وقت آنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، اس لیے راح کے معنی لوٹنا اور واپس ہونا ہیں۔ اس وضاحت کے پیش نظر مسجد میں آنے اور پھر واپس ہونے، دونوں کا ثواب ملے گا۔
(2) چونکہ الفاظ حدیث سے بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ مسجد کی طرف جانے کا ثواب ہو کیونکہ عبادت کے لیے جانا ہے لیکن وہاں سے نکلنے اور واپس ہونے پر ثواب نہ ہو، امام بخاری رحمہ اللہ نے عنوان قائم کر کے تنبیہ فرمائی ہے کہ مسجد سے واپس ہونے پر بھی ثواب ہو گا، چنانچہ ایک حدیث سے اس کی تائید ہوتی ہے: حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ایک آدمی کا گھر مسجد نبوی سے کافی دور تھا اور وہ نماز باجماعت ادا کرنے کا موقع بھی ہاتھ سے نہیں جانے دیتا تھا۔ لوگوں نے اس سے کہا: تم کوئی سواری خرید لو تاکہ تمھیں گرمی اور رات کے وقت آنے جانے میں سہولت رہے۔ اس نے جواب دیا کہ مسجد کے قریب قیام رکھنا مجھے پسند نہیں ہے۔ لوگوں نے اس بات کو برا محسوس کیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کی یہ بات بیان کی۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے دریافت فرمایا تو اس نے عرض کیا: ’’میں چاہتا ہوں کہ دور سے میرا مسجد میں آنا اور مسجد سے واپس ہونا دونوں اللہ کے ہاں لکھے جائیں۔‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تجھے اللہ تعالیٰ نے یہ سب عطا فرمادیا ہے۔ جس اجرو ثواب کی تونے امید کی ہے، اللہ نے وہ سب عنایت فرما دیا ہے۔‘‘ (سنن أبي داود، الصلاۃ، حدیث:557)
(3) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ عبادت کے لیے مسجد کی طرف آنا اور مسجد سے واپس لوٹ کر جانا دونوں باعث اجرو ثواب ہیں۔