تشریح:
(1) ایک روایت کے مطابق اس حدیث کا آغاز اس طرح ہے، سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ لغو قسموں سے مراد ایسی قسمیں ہیں جو انسان تکیۂ کلام کے طور پر کہہ دیتا ہے، جیسے لا واللہ اور بلٰی واللہ۔ (صحیح البخاری، التفسیر، حدیث: 4613)
(2) امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد یہ ہے کہ اس قسم کی لغو قسموں پر کوئی کفارہ نہیں ہے جیسا کہ قرآن کریم نے اس کی صراحت کی ہے۔ جب سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا پر تہمت لگی تو تہمت لگانے والوں میں حضرت مسطح بھی شامل تھے جن کی حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کفالت کرتے تھے۔ انہوں نے غیرت میں آ کر قسم اٹھائی کہ وہ آئندہ اس پر کچھ بھی خرچ نہیں کریں گے۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت اتاری: ’’اور تم میں سے فضیلت اور وسعت والے لوگوں کو اس بات پر قسم نہیں کھانی چاہیے کہ وہ قرابت داروں، مسکینوں اور اللہ کی راہ میں ہجرت کرنے والوں کو (اپنا مال نہیں) دیں گے، انہیں چاہیے کہ وہ انہیں معاف کر دیں اور ان سے درگزر کریں کیا تم پسند نہیں کرتے کہ اللہ تمہیں بخش دے؟‘‘ (النور: 22/24) اس آیت کے نازل ہونے کے بعد حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے فوراً اس حکم کے سامنے سر تسلیم خم کر دیا اور پہلے سے بھی زیادہ ان کی مدد کرنے لگے۔ (فتح الباري: 631/11) شاید امام بخاری رحمہ اللہ نے اس روایت کی طرف اشارہ کیا ہے جس میں یمین لغو کی وضاحت ہے۔ واللہ أعلم