تشریح:
(1) اس حدیث میں بھی قسم کا لفظ بول کر حلف مراد لیا گیا ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے اسی مقصد کے لیے اس حدیث کو بیان کیا ہے۔
(2) ضعيف سے مراد کمزور و ناتواں اور مُتضعف سے مراد وہ شخص جسے لوگ اس کے ضعف حال کے پیش نظر حقیر خیال کرتے ہوں۔ امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ سے سوال کیا گیا کہ اس حدیث میں ضعیف سے مراد کون ہے؟ تو انہوں نے فرمایا: جو انسان ایک دن میں پچیس سے پچاس مرتبہ لا حول ولا قوة إلا باللہ پڑھتا ہو، یعنی جو انسان خود کو بری کرتا ہو کہ مجھ میں اللہ کی توفیق کے علاوہ نیکی کرنے اور گناہ سے بچنے کی ہمت نہیں ہے۔ (فتح الباري: 662/11) اس کے معنی یہ ہیں کہ ہر کمزور مسلمان جنتی ہے اور ہر بدخلق، متکبر انسان دوزخی ہے۔ اس کا برعکس مراد نہیں کہ اس کے علاوہ دوسرے اوصاف کے حاملین جنت یا دوزخ میں نہیں جائیں گے۔ (عمدةالقاري: 706/15)