تشریح:
(1) اس عنوان کے متعلق اہل علم کے چار قول ہیں جن کی تفصیل حسب ذیل ہے: ٭ میں گواہی دیتا ہوں یا قسم اٹھاتا ہوں یا میں عزم کرتا ہوں۔ یہ قسم کے الفاظ ہیں حانث ہونے کی صورت میں کفارہ دینا ہو گا۔ ٭ صرف ’’میں گواہی دیتا ہوں۔‘‘ کے الفاظ قسم کے لیے کافی نہیں بلکہ یوں کہا جائے کہ میں اللہ تعالیٰ کو گواہ بناتا ہوں اور قسم کا ارادہ کیا تو ایسا کہنا قسم ہے۔ ٭ شہادت کے الفاظ قسم کے لیے کافی نہیں ہوں گے کیونکہ قسم اٹھانا اور گواہی دینا دونوں الگ الگ معاملات ہیں۔ ٭ میں کعبے کو گواہ بناتا ہوں یا نبی کو گواہ کرتا ہوں، یہ الفاظ قسم نہیں ہوں گے۔ (عمدة القاري: 707/15)
(2) امام بخاری رحمہ اللہ کا موقف یہ معلوم ہوتا ہے کہ شہادت کے الفاظ قسم کے لیے کافی نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے حدیث کے جو الفاظ بیان کیے ہیں کہ ان کی گواہی قسم سے اور ان کی قسم ان کی گواہی سے سبقت کرے گی، ان سے معلوم ہوتا ہے کہ قسم اور شہادت کے درمیان فرق ہے۔ ہاں، اگر ان الفاظ سے قسم کی نیت کی ہے تو یقیناً قسم ہی مراد ہو گی۔ واللہ أعلم (فتح الباري: 662/11)
(3) حدیث کا مطلب یہ ہے کہ قیامت کے قریب لوگ شریعت کی پابندی نہیں کریں گے اور انہیں شرعی ضوابط کا علم نہ ہو گا، اس لیے وہ گواہی کی جگہ قسم کھائیں گے اور قسم کی جگہ گواہی دیں گے۔