تشریح:
(1) مجن، حجفہ اور ترس ایک ہی چیز ہیں۔ حدیث کے مطابق مجن اور حجفہ دونوں پر تنوین ہے اور حجفہ، مجن کا بیان ہے۔ انھیں میدان جنگ میں دشمن کے وار سے بچاؤ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ (عمدة القاري:173/16) ایک روایت میں ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے ڈھال کی قیمت کے متعلق سوال کیا گیا تو انھوں نے فرمایا: اس کی قیمت ربع دینار تھی۔ (السنن الکبریٰ للبیھقي:256/8)
(2) مذکورہ روایات پیش کرنے سے امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد یہ ہے کہ چور کا ہاتھ کاٹنے کا نصاب ربع دینار ہے، اس سے کم مالیت کی چوری پر ہاتھ نہیں کاٹا جائے گا۔ واللہ أعلم