تشریح:
(1)زنا کے قریب نہ جانے کا مقصد اس کے مقدمات اور ابتدائی چیزوں سے پرہیز کرنا ہے،مثلاً: نظر بازی کرنا،ہاتھ لگانا یا بوس وکنار کرنا، یہ ایسے کام ہیں جو زنا تو نہیں لیکن زنا تک پہنچاتے ہیں۔قرب قیامت کے وقت زنا عام ہو جائے گا اسے چھپا کر نہیں کیا جائے گا بلکہ علانیہ اور کھلم کھلا گلی کوچوں میں اس کا ارتکاب ہوگا۔اس کا مطلب یہ ہے کہ قرب قیامت کے وقت ایسی چیزیں بکثرت دستیاب ہوں گی جو زنا اور بدکاری کا پیش خیمہ ہوں گی،جس سے زنا کی وبا عام ہوجائے گی،ہمارے دور میں زنا کے اسباب وذرائع اور وسائل بکثرت موجود ہیں۔انٹرنیٹ، ٹی وی، کیبل اور سی ڈی پوائنٹ پر یہ وسائل بکثرت دستیاب ہیں۔