تشریح:
اس حدیث میں قتل ناحق کی سنگینی بیان کی گئی ہے کہ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس میں اگر کوئی پڑ جائے تو اس سے نکلنا انتہائی دشوار ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے فرمایا: جس نے قتل ناحق کیا وہ دنیا سے اپنے ساتھ ٹھنڈا پانی لے کر جائے کیونکہ وہ جنت میں داخل نہیں ہوگا، نیز فرمان نبوی ہے کہ ’’اللہ تعالیٰ کے ہاں مومن کا ناحق قتل زوالِ دنیا سے بھی عظیم تر ہے۔‘‘ (جامع الترمذي، الدیات، حدیث:1395) ابن العربی فرماتے ہیں کہ بلاوجہ حیوان کو قتل کرنا بہت بڑا جرم ہے چہ جائیکہ جسے بلاوجہ قتل کیا جائے وہ انسان ہو اور وہ بھی مسلمان ہو، نیز وہ اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والا انتہائی پرہیز گار ہو۔ (فتح الباري:234/12)