تشریح:
(1) قوم یہود کی یہ گندگی اور بری فطرت تھی کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یا کسی مسلمان کو سلام کہتے تو اپنے دل کی بھڑاس اس طرح نکالتے کہ ان الفاظ میں سلام کرتے: ’’تم پر موت یا ہلاکت ہو۔‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان کا نوٹس اس طرح لیتے کہ ان کے الفاظ ہی ان کے منہ پر مار دیتے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کو بھی یہی تلقین فرمائی کہ ان کے متعلق بدزبانی کرنے کے بجائے ان کے اپنے الفاظ ہی انھیں واپس کر دیے جائیں۔ اس انداز سے ان کی بددعا خود ان کے لیے ہی موجب وبال اور باعث عذاب ہوگی۔ اگر وہ علانیہ طور پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کریں تو پھر انھیں قتل کر دیا جائے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود کعب بن اشرف اور ابو رافع یہودی کو قتل کرنے کا حکم دیا تھا۔
(2) دور حاضر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خاکے بنا کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین وتنقیص کرنے والوں کا بھی یہی حکم ہے اور یہ ناقابل معافی جرم ہے کیونکہ انھیں معاف کر دینے کا خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حکم ہے جواب موجود نہیں ہیں۔ ہم نے اس موضوع پر ایک مفصل فتویٰ لکھا تھا جو فتاویٰ اصحاب الحدیث کی دوسری جلد میں دیکھا جا سکتا ہے۔ واللہ المستعان