تشریح:
روایت میں حبشی سے مراد حبشی غلام ہے جب کہ دوسری روایت میں اس کی صراحت ہے۔ (صحیح البخاري ،الأحکام ، حدیث:7142) اس حدیث کی باب سے یہ مناسبت ہے کہ جب ایسا غلام امیر اور والی بن جائے تو اس کی اطاعت ضروری ہے اور اسلام کا یہ طریقہ ہے کہ والی اور خلیفہ کو جماعت کےلیے آگے کیا جاتا ہے۔ یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ اس کی اطاعت کے حکم میں اس کے پیچھے نماز پڑھنے کا حکم شامل ہے۔ (شرح الکرماني:72/5) ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر فرمایاتھا کہ اگر تمھارا حکمران حبشی غلام ہوجو کتاب اللہ کے ساتھ تمھاری قیادت کرے تم نے اس کی بات ماننی اور اس کی اطاعت کرنی ہے۔ اس روایت سے حدیث نبوی کی تاریخ اور اطاعت کی جہت کا پتہ چلتا ہے کہ آپ نے حجۃ الوداع کے موقع پر یہ حکم دیا اور کتاب اللہ کی قیادت کے ساتھ مشروط فرمایا ہے۔ (فتح الباري: 242/2)