تشریح:
(1) اس حدیث کے مطابق حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے حروریہ ( خوارج ) کے متعلق فرمایا: میں ان کے متعلق کچھ نہیں جانتا لیکن دوسری حدیث میں ہے کہ میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے انھیں قتل کیا تھا اور میں ان کے ہمراہ تھا۔ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کا انکار اس امر پر مبنی تھا کہ انھوں نے حروریہ کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کچھ نہیں سنا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کا نام لے کر کچھ کہا ہو، البتہ کچھ علامتیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمائی تھیں جن کے ذریعے سے میں نے ان کی شناخت کی ہے کہ واقعی یہ وہی ہیں۔
(2) حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے ان خوارج کے متعلق فرمایا: وہ اس امت سے نہیں ہوں گے جبکہ دوسری روایات میں صراحت ہے کہ وہ اس امت سے ہوں گے؟ دراصل امت کی دو قسمیں ہیں: ایک امت دعوت اور دوسری امت اجابت، انکار کی بنیاد یہ ہے کہ وہ امت اجابت سے نہیں ہوں گے کہ جنھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت قبول کی اور اس پر ڈٹے رہے۔ اور اقرار کی بنیاد یہ ہے کہ وہ امت دعوت سے ہوں گے اور ان تک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت پہنچ چکی ہوگی لیکن انھوں نے اس سے انحراف کیا۔
(3) اس حدیث کے مطابق خوارج بڑے عبادت گزار تھے، بظاہر صوم وصلاۃ کے پابند تھے جیسا کہ ایک روایت میں راوی نے ان کا وصف بیان کیا ہے کہ دن کے وقت روزہ رکھتے، رات کو قیام کرتے اور صدقہ وخیرات بھی سنت کے مطابق وصول کرتے تھے، چنانچہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما جب ان سے مناظرہ کرنے کے لیے گئے تو فرماتے ہیں کہ نمازیں پڑھنے کی وجہ سے ان کی پیشانیوں پر نشانات بنے ہوئے تھے، الغرض ان کے اندر محض ظاہری طور پر دین داری کے اثرات تھے باطن میں وہ بالکل کورے تھے۔ ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’وہ لوگ بت پرستوں سے تو نہیں الجھیں گے لیکن اہل اسلام سے برسرپیکار ہوں گے، اگر میں ان کو پاؤں تو انھیں قوم عاد کی طرح صفحۂ ہستی سے مٹاؤں۔‘‘ (صحیح البخاري، أحادیث الأنبیاء، حدیث:3344) ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میں ایسے لوگوں کا قوم ثمود کی طرح صفایا کروں گا۔‘‘ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث:4351)
(4) امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث سے خوارج کے قتل کرنے کو ثابت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ اگر میں ایسے لوگوں کو پاؤں تو انھیں ضرور نیست ونابود کروں گا۔ واللہ أعلم