تشریح:
(1) اس روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تقسیم پر اعتراض کرنے والے کے متعلق حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے عرض کی: اللہ کے رسول! مجھے اس کو قتل کرنے کی اجازت دیں جبکہ ایک دوسری روایت میں ہے کہ حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ نے اسے قتل کرنے کی اجازت طلب کی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’شاید وہ نماز پڑھتا ہو۔‘‘ حضرت خالد نے عرض کی: بہت سے نمازیوں کی زبان اور دل میں یکسانیت نہیں ہوتی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’مجھے لوگوں کے دل اور پیٹ پھاڑنے کی اجازت نہیں کہ میں ان میں جھانک کر دیکھوں۔‘‘ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث:4351) شاید رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دونوں نے اسے قتل کرنے کی اجازت طلب کی ہو، چنانچہ صحیح مسلم میں صراحت ہے کہ پہلے حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اجازت طلب کی، جب وہ واپس گئے تو پھر حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ نے اسے قتل کرنے کی اجازت مانگی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان میں سے کسی کو اجازت نہ دی۔ (صحیح مسلم، الزکاة، حدیث:2453(1064)، وفتح الباري:366/12) چونکہ اس وقت فتنے نے تحریک کی شکل اختیار نہیں کی تھی، پھر مصلحت کا تقاضا تھا کہ ایسے لوگوں کو قتل نہ کیا جائے، ایسا نہ ہو کہ لوگ کہیں کہ انھوں نے اپنے ہی لوگوں کو قتل کرنا شروع کر دیا ہے، البتہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے پیش گوئی کے طور پر فرمایا: اس کی نسل سے ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو اس فتنے کو ایک تحریک کی شکل میں زندہ کریں گے اور لوگوں میں پھوٹ ڈالیں گے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا: اگر مجھے اس وقت ان سے پالا پڑا تو ان کو قوم عاد اور قوم ثمود کی طرح صفحۂ ہستی سے مٹا دوں گا۔ بہرحال امام وقت کا فرض ہے کہ حالات کے مطابق ایسے لوگوں کے متعلق مناسب کارروائی کرے جو اسلام اور اہل اسلام کے لیے خطرے کی علامت ہیں۔