تشریح:
1۔ صحیح البخاری کے کچھ عنوان مستقل ہیں اور کچھ ضمنی حیثیت رکھتے ہیں مذکورہ عنوان بھی مستقل نہیں بلکہ نتیجہ اور تکملہ ہے چونکہ تیسری صورت حق شفعہ ختم کرنے کے لیے خریدی ہوئی جائیداد چھوٹے بیٹے کو ہبہ کر دینے کی صورت میں تھی اس لیے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس عنوان اورپیش کردہ حدیث سے ہدیے کی حدود و قیود بیان کی ہیں ہدایا کا سبب اس کی ذاتی صلاحیت ہونی چاہیے۔ اگر اس کے علاوہ کسی وجہ سے تحائف ملتے ہیں تو وہ تحائف نہیں ہوں گے جیسا کہ عامل کو سفارت کی وجہ سے تحفے ملے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر تنبیہ فرمائی کہ سر کاری عہدے کو تحائف و ہدایا وصول کرنے کے لیے بطور حیلہ استعمال نہ کیا جائے ۔
2۔چونکہ سابقہ صورت میں چھوٹے بیٹے کو مکان ہبہ کرنے کا جو حیلہ بتایا گیا تھا وہ بھی اسی نوعیت کا تھا اس لیے اس قسم کا ہدیہ حق شفعہ کے لیے رکاوٹ کا باعث نہیں ہوگا۔ شارحین میں سے کسی نے اس امر کی طرف اشارہ تک نہیں کیا۔ هذا مما فتح الله علي بمنه وكرمه والحمد لله أولا و آخرا وهو خير الفاتحين