تشریح:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نمازی اپنی الگ نماز (فرض یا نفل) کوجتنا چاہے طول دے سکتا ہے، لیکن جب امام ہو کر نماز پڑھائے تو مقتدی حضرات کا خیال رکھے، یعنی وہ قراءت کو طول نہ دے اور رکوع وسجود میں بھی اس کا خیال رکھے۔ نماز تراویح میں بھی یہ اصول پیش نظر ہونا چاہیے۔ جو حفاظ نماز تراویح میں اس قدر زیادہ قراءت کریں کہ مقتدیوں پر شاق ہو، انھیں چاہیے کہ وہ اس ہدایت نبوی کو سامنے رکھیں۔ اکیلے نماز پڑھنے والے شخص کو بھی چاہیے کہ وہ اس بات کا خیال رکھے کہ نماز کو اتنا طویل نہ کرے کہ دوسری نماز کا وقت شروع ہوجائے، کیونکہ حدیث میں اس کی ممانعت ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’انسان کی کوتاہی میں سے ہے کہ وہ نماز کو اتنی دیر سے پڑھے کہ دوسری نماز کا وقت آجائے۔‘‘ (صحیح مسلم، المساجد، حديث:562 (681))