تشریح:
1۔ان احادیث کا فتنوں کے ساتھ اس طرح تعلق ہے کہ جو آدمی کسی ملک کا باضابطہ شہری ہے تو اس پر ملک کے قانون کا احترام کرنا اور باتوں میں حکمرانوں کا کہا ماننا ضروری ہے۔ اگر وہ دیکھتا ہے کہ اسے حقوق نہیں دیے جا رہے یا حکمران غلط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں تو اسے یہ اجازت ہے کہ وہ قانون کو ہاتھ میں لیے بغیر احتجاج کرے لیکن یہ احتجاج سول نافرمانی کی شکل میں نہیں ہونا چاہیےاور نہ دھرنا دینے اور توڑ پھوڑ کرنے ہی کی اجازت ہے۔ اسی طرح احتجاج کے طور پر خود کش حملے کرنا بھی ناجائز ہے۔ اس سے ملک میں بدامنی ، بے چینی انار کی اور فساد پھیلتا ہے۔ یہ بہت بڑا فتنہ ہے جس کی اسلام قطعاً اجازت نہیں دیتا۔
2۔ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میرے بعد ایسے حکمران ہوں گے جن کے انسانی اجسام میں شیطانی دل ہوں گے وہ میرے طریقے کی کوئی پروا نہیں کریں گے۔‘‘ حضرت حذیفہ بن یمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کی: اللہ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! ایسے حالات میں ہمارے لیے کیا حکم ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’ایسے حکمرانوں کی بات سنی جائے اور ان کی اطاعت کی جائے اگرچہ وہ تمھارا مال کھا جائیں اور تمھاری پیٹھ پر ماریں۔‘‘ (صحیح مسلم، الإمارة، حدیث:4785(1847)
3۔ایسے حکمران کو اگر بغیر فتنہ و فساد کے معزول کرنا ممکن ہو تو اس کا معزول کرنا ضروری ہے بصورت دیگر صبر کیا جائے۔ ایسے حالات میں خواہ مخواہ حکومت سے ٹکر لینا درست نہیں اور نہ جیل بھرو تحریک ہی شروع کرنی چاہیے۔
4۔بہرحال ایک مسلمان کو چاہیے کہ وہ حکمت بھرے انداز میں ڈنکے کی چوٹ کلمہ حق کہتا رہے۔ ایسے غلط کار حکمرانوں کے متعلق دل میں نفرت کے جذبات رکھے اور اللہ تعالیٰ سے ہدایت کی دعا کرتا رہے۔ مسلح اقدام سے ہر صورت میں گریز کیا جائے۔ اس قسم کی تحریکات سے فائدے کے بجائے نقصان زیادہ ہوتا ہےاس قسم کے پرفتن دور میں بڑی دور اندیشی سے کام لینا چاہیے، جذبات میں آ کر کوئی ایسا کام نہ کیا جائے۔ جس سے اسلام یا اہل اسلام کو نقصان پہنچے۔ واللہ أعلم۔