تشریح:
1۔دور جاہلیت کا یہ دستور تھا کہ وہ حج کے مہینوں میں عمرہ کرے کو بہت بڑا گناہ خیال کرتے تھے، اسی اصول کے پیش نظر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے مدینہ طیبہ سے حج کا احرام باندھا۔ جب یہ لوگ مکہ مکرمہ پہنچے تو اللہ تعالیٰ نے حکم دیا کہ حج کے احرام کو عمرے کے احرام میں بدل لیں اور عمرہ کرکے احرام کھول دیں۔ صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کو اس نئے حکم پر عمل کرنے میں کچھ ہچکچاہٹ ہوئی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اگرمجھے پہلے معلوم ہوجاتا جو اب معلوم ہوا ہے تو اپنی قربانی ساتھ نہ لاتا اور تمہارے ساتھ عمرہ کرکے احرام کھول دیتا۔‘‘
2۔امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصد یہ ہے کہ اس خواہش کے اظہار سے اللہ کے فیصلے پر کوئی اعتراض کرنا مقصود نہیں بلکہ عام لوگوں کو تسلی دینا ہے کہ وہ بلا جھجک احرام کھول کر اس کی پابندیوں سے آزاد ہو جائیں اور یہ سہولت صرف تمہارے لیے نہیں بلکہ قیامت تک آنے والے تمام لوگوں کے لیے ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس مسئلے پر مختلف الفاظ استعمال فرمائے: کبھی فرمایا: ’’میں قربانی کا جانور ساتھ نہ لاتا۔‘‘ کبھی فرمایا: ’’میں بھی اسے عمرے کے احرام میں بدل لیتا۔‘‘ کبھی فرمایا: ’’میں وہی کچھ کرتا جو لوگوں نے کیا ہے۔‘‘