تشریح:
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا قائم کیا ہوا عنوان کئی اجزا پر مشتمل ہے۔ ان میں سے ایک ’’بلاوجہ جھگڑا کرنا‘‘ ہے چنانچہ حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا حدیث میں مذکور جھگڑا اور اختلاف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے ہوا جب حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اقرع بن حابس کو امیر بنانے کا مشورہ دیا اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ قعقاع بن معبد کو امیر بنایا جائے۔ اس دوران میں ان دونوں بزرگوں کی آوازیں بلند ہوئیں تو فرشتہ وحی خدمت میں آیا اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے آیات نازل ہوئیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں کسی کو از خود مشورہ دینے کی اجازت نہیں اور نہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے اونچی آواز سے گفتگو کرنا ہی درست ہے۔ بہر حال یہ حدیث اپنے عنوان سے اس طرح مطابقت رکھتی ہے کہ اس میں تنازع کا ذکر ہے کیونکہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس بات پر جھگڑ رہے تھے کہ اقرع بن حابس اور قعقاع بن معبد بن زراہ میں سے کس کو امیر بنایا جائے۔