تشریح:
1۔ اہل کتاب کے بیان کیےہوئے جن حقائق کی کتاب و سنت سے تائید ہوتی ہو ان کی تصدیق کرنی چاہیے اور جن کی قرآن و حدیث نے تکذیب کی ہے انھیں جھوٹا کہنا چاہیے اس کے علاوہ دیگر باتوں کی تصدیق یا تکذیب نہیں کرنی چاہیے۔
2۔اس حدیث کی عنوان سے مطابقت اس طرح ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں اہل کتاب کی تصدیق اور تکذیب نہ کرنے کا حکم دیا ہے اس لیے اس کا تقاضا ہے کہ ان سے کسی قسم کا سوال نہ کیا جائے۔ قرآن مجید میں ہے۔ ’’اگر آپ کو اس میں کچھ شک ہو جو ہم نے آپ کی طرف نازل کیا ہے تو ان لوگوں سے پوچھ لیں جو آپ سے پہلے تورات پڑھتے تھے۔‘‘ (یونس:10۔94) اس آیت سے مراد عقیدہ توحید اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے رسول ہونے کی بشارتیں تورات و انجیل میں موجود ہیں جو تحریف کے باوجود آج بھی مذہبی کتابوں میں پائی جاتی ہیں اس کے علاوہ دوسری چیزوں کا حکم مذکورہ حدیث میں بیان ہوا ہے۔(واللہ أعلم) (فتح الباري:408/13)