تشریح:
1۔یہ حدیث پہلے بھی بیان ہو چکی ہے جس کہ الفاظ یہ ہیں۔ ’’اللہ تعالیٰ صرف پاکیزہ چیز کو قبول کرتا ہے۔‘‘ (صحیح البخاري: الزکاة: حدیث: 1410) اس کا مطلب یہ ہے کہ جس چیز کو اللہ تعالیٰ اپنے ہاں شرف قبولیت سے نوازتا ہے وہی اوپر چڑھتی ہے۔ اس کی وجہ سے اس میں برکت دی جاتی ہے اور اسے اللہ تعالیٰ کے ہاں کئی گناہ بڑھا دیا جاتا ہے۔
2۔امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اسی جملے سے اپنا مدعا ثابت کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ اوپر ہے اور صفت علو سے متصف ہے کیونکہ علو صفت کمال ہے لہٰذا یہ ضروری ہے۔ کہ معنوی طور پر یہ صفت اللہ تعالیٰ کے لیے ثابت ہو۔ اللہ تعالیٰ ہی تمام صفات کمال سے متصف ہے۔ عقل کا بھی یہی تقاضا ہے کیونکہ عقلی اعتبار سے تین ہی صورتیں ممکن ہیں یعنی اللہ تعالیٰ اوپر ہوگا یا نیچے یا برابر۔ نیچے اور برابر ہونا ممتنع ہے کیونکہ نیچے ہونے میں معنوی نقص ہےاور اللہ تعالیٰ تمام نقائص سے پاک ہے اور برابر ہونے سے مخلوق کے ساتھ مماثلت لازم آتی ہے اور اللہ تعالیٰ نے اس کی مماثلت کی نفی کی ہے۔ اب صرف صفت علو باقی ہے جو ذات باری تعالیٰ کے لیے ثابت ہے۔
3۔فطرت سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اوپر ہے کیونکہ جو بھی انسان زبان سے۔ ’’اے میرے رب‘‘ کہتا ہے اس کے دل میں اوپر کا تصور موجود ہوتا ہےمحمد طاہر مقدسی بیان کرتے ہیں کہ شیخ ابو جعفر ہمدانی امام الحرمین ابو العالی الجوینی کی مجلس میں حاضر ہوئے۔ جو ان کے استاد بھی ہیں جبکہ امام الحرمین صفت علو کی نفی میں دلائل دے رہے تھے کہ اللہ تعالیٰ اس وقت بھی تھا جب عرش و مکان پیدا نہیں ہوئے تھے اب اللہ تعالیٰ وہیں ہے جہاں کون و مکان اور عرش و فرش کی پیدائش سے پہلے تھا اس پر شیخ ابو جعفر نے اعتراض کیا کہ آپ ہمیں بتائیں ہمارے دلوں میں اللہ تعالیٰ کے متعلق ایک داعیہ اور خواہش موجود ہوتی ہے۔ جب بھی کوئی عارف اور زاہد "یااللہ" کہتا ہے تو اس کے دل میں اللہ تعالیٰ کی جانب ایک خواہش وہ دائیں بائیں نہیں جھانکتا بلکہ اس کی توجہ اوپر کی طرف ہوتی ہے ہم کبھی بھی اس داعیے اور خواہش کو ختم نہیں کر سکتے۔ امام الحرمین نے جب ابو جعفر ہمدانی کی یہ بات سنی تو اپنا سر پیٹنے ہوئے چیخنے لگے اور یہ کہتے ہوئے منیر سے نیچے اتر آئے کہ آج مجھے ہمدانی نے حیران کر دیا ہے یعنی ہمدانی کی بات فطرت کے عین مطابق ہے۔ (شرح العقیدة الطحاویة ص:370) بہرحال قرآن کریم احادیث عقل اور فطرت سے یہ بات ثابت ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اوپر ہے اور صفت علو سے متصف ہے۔ واللہ المستعان۔