تشریح:
1۔اس حدیث کے مطابق عرش کے متعلق صراحت ہے کہ وہ عظیم اور کریم ہے۔ اس سے پہلے بھی بیان کر چکے ہیں ۔کہ عرش عظیم تمام مخلوقات کے لیے بطور چھت ہے اور قرآن کریم میں ہےکہ اللہ تعالیٰ عرش پر مستوی ہے۔
2۔اس سے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے ذات باری تعالیٰ کے لیے صفت علو کو ثابت کیا ہے۔ لیکن شارح صحیح بخاری علامہ عینی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ یہ حدیث امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے قائم کیے ہوئے عنوان کے مطابق نہیں ہےاس کا تعلق گزشتہ عنوان سے ہے۔شاید کاتب نے غلطی سے اس حدیث کو یہاں بیان کردیا ہے۔ (عمدة القاري:627/16) حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے ابن منیر کے حوالے سے لکھا ہے کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اللہ تعالیٰ کے لیے جہت کی نفی کو اس حدیث سے ثابت کیا ہے۔ (فتح الباري:516/13)
3۔ہمارے نزدیک علامہ عینی اور ابن منیر کا موقف محل نظر علامہ عینی رحمۃ اللہ علیہ کی بات سے ان لوگوں کو تقویت پہنچ سکتی ہے جن کا دعوی ہے کہ صحیح بخاری ایک زیر تالیف کتاب تھی امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ اسے مکمل نہ کر پائے تھے کہ داعی اجل کولبیک کہہ دیا حالانکہ یہ ایک بے بنیاد مفروضہ ہے کیونکہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے سولہ سال کی مدت میں چھ لاکھ احادیث سے منتخب کر کے صحیح بخاری کو مرتب کیا پھر اسے امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ امام علی بن مدینی رحمۃ اللہ علیہ اور امام یحییٰ بن معین رحمۃ اللہ علیہ کے سامنے پیش کیا ان سب شیوخ نے اس مبارک مجموعے کو پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا اور اس کی صحت کے متعلق شہادت دی۔ اس کے بعد نوے (90) ہزار تلامذہ نے صحیح بخاری کو امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ سے براہ راست سنا ایسے حالات میں یہ ناممکن ہے کہ مذکورہ حدیث کا تعلق گزشتہ عنوان سے ہے کسی کاتب نے غلطی سے اسے یہاں بیان کردیا ہے دراصل امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی باریک بینی اوروقت فہم کا ادراک علامہ عینی نہیں کر سکے چنانچہ ہم پہلے بیان کر آئے ہیں کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے ذات باری تعالیٰ کے لیے صفت علو ثابت کرنے کے لیے یکے بعد دیگرے دو عنوان قائم کیے ہیں پہلے باب میں استواء علی العرش بیان کیا تھا جوعلو ذات باری تعالیٰ کے لیے واضح دلیل ہے اور مذکورہ عنوان میں ایک دوسری حیثیت سے اسے ثابت کیا ہے کہ ذات باری کی طرف عروج ملائکہ اور صعودکلمات ہوتا ہے۔ یہ دونوں چیزیں علو باری تعالیٰ کی واضح دلیل ہیں امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث سے صعود کلمات طیبات کو ثابت کیا ہے چنانچہ حدیث میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ کی بزرگی بیان کرنے کے لیے تم جو تسبیح و تہلیل کرتے ہوتو یہ کلمات اللہ کے عرش کے ہاں پہنچ کر اس کے گرد گھومتے ہیں اور شہد کی مکھیوں کی طرح ان کی بھنبھناہٹ ہوتی ہے وہ اللہ کے حضور کہنے والے کا ذکر کرتے ہیں۔‘‘ (سنن ابن ماجة، الأدب، حدیث: 3809) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب پریشانی کے وقت مذکورہ کلمات کہتے تو یہ کلمات بھی اللہ تعالیٰ کے عرش کا طواف کرتے۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس سے صعود کلمات (کلمات کا اوپر کی طرف چڑھنا) ثابت کیا ہے جو علو باری تعالیٰ کی دلیل ہے۔
4۔شارح صحیح بخاری ابن منیر کے متعلق تویہی کہا جا سکتا ہے کہ قائل کے قول کی ایسی تشریح کی جائے جسے وہ خود پسند نہیں کرتا۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اللہ تعالیٰ کے لیے جہت فوق ثابت کرنے کے لیے مستقل دو عنوان قائم کیے ہیں لیکن ابن منیر لکھتے ہیں کہ امام بخاری نے اس حدیث سے اللہ تعالیٰ کے لیے جہت کی نفی کو ثابت کیا ہے۔دراصل جو لوگ اللہ تعالیٰ کے لیے کسی جہت کا انکار کرتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے اللہ تعالیٰ کو جہت کے ساتھ موصوف کردیا تو اللہ تعالیٰ کا جسم لازم آئے گا اور تمام جسم تو باہم ایک جیسے ہوتے ہیں اس سے تمثیل لازم آئے گی اس وجہ سے ہم اللہ تعالیٰ کے لیے جہت کا انکار کرتے ہیں اللہ تعالیٰ کے لیے جہت فوق کہنے والوں کی طرف سے جواب دیا جاتا ہے کہ اس جسم سے وہ چیز مراد ہے جو مختلف چیزوں سے مل کرو جود میں آتی ہے اور ان اجزا کے بغیر وہ چیز قائم نہیں رہ سکتی؟ اللہ تعالیٰ کے لیے اس قسم کا جسم کوئی بھی ثابت نہیں کرتا بلکہ اللہ تعالیٰ کی صفت علو کے اثبات سے ایسا جسم ثابت ہوتا ہے جو بذات خود قائم ہے اور اپنے شایان شان صفات سے متصف ہے۔ اس وضاحت سے معلوم ہوا کہ ابن منیر کا دعوی ثبوت کے بغیر ہے اور اللہ تعالیٰ یقیناً ایک ذات ہے جو بذات خود قائم اور باکمال صفات سے متصف ہے۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اسی بات کو ثابت کیا ہے۔