تشریح:
1۔انسان کی یہ عادت ہے کہ وہ جس بات کو نہ ماننے کا تہیہ کر لے اس پر طرح طرح کے اعتراض وارد کرتا ہے اور مختلف حیلوں بہانوں سے’’عذ رگناہ بدتر از گناہ‘‘ کے طور پر جواب پیش کرتا ہے۔ اس غرض کے لیے سب سے عمدہ بہانہ مشیت الٰہی کا ہوتا ہے۔ مشیت الٰہی کو اپنے بچاؤ کے لیے ڈھال بنانے والے عموماً یہ بات بھول جاتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی مشیت اور اللہ تعالیٰ کی رضا میں بہت فرق ہے۔ مثلاً: اللہ تعالیٰ کی رضا اس بات میں ہے کہ سب لوگ اس کے فرمانبردار بن جائیں اور کوئی شخص بھی کفرو شرک اور ظلم و زیادتی کا راستہ اختیار نہ کرے مگر اس کی مشیت یہ ہے کہ اس دنیا میں لوگوں کا امتحان لیا جائے اس کے لیے اللہ تعالیٰ نے انسان کو قوت تمیز اور قوت ارادہ عطا فرمائی ہے پھر جو شخص اپنے اختیار و ارادے سے اللہ تعالیٰ کا فرمانبردار ہوا اسے اچھا بدلہ دیا جائے گا۔ اور جس نے کفر وشرک کا راستہ اختیار کیا اسے سزا دی جائے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہدایت کے راستے پر چلنا مشیت الٰہی بھی ہے اور رضائے الٰہی بھی مگر کفر و شرک کا راستہ اختیار کرنا مشیت الٰہی تو ہے لیکن رضائے الٰہی نہیں۔ مشیت الٰہی کو بہانہ بنانے کی مثال مذکورہ حدیث میں بیان ہوئی ہے۔
2۔حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا جواب حقیقت کے لحاظ سے تو صحیح تھا اسی لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا جواب نہیں دیا۔ البتہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس بات پر افسوس ہوا کہ عمل کرنے کا اختیار انسان کو دیا گیا ہے اسے کیوں نظر انداز کردیا گیا۔ ادب کا تقاضا یہ تھا کہ نماز تہجد کی توفیق کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی اس دعا کی اپیل کرتے اس سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خوش خوش واپس ہوتے۔
3۔اس وضاحت سے معلوم ہوا کہ مشیت الٰہی کو بطور بہانہ استعمال کرنا صرف ضدی اور ہٹ دھرم لوگوں ہی کا کام نہیں بلکہ بعض دفعہ ایک نیکوکار مومن بھی اپنے آپ کو حق بجانب ثابت کرنے کے لیے اسے استعمال کر لیتا ہے حالانکہ قرآن کریم کی صراحت کے مطابق مشرکین نے اپنے شرک کے جواز میں اسی مشیت الٰہی کو بطور بہانہ استعمال کیا تھا ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ ’’مشرک کہیں گے۔اگر اللہ چاہتا تو نہ ہم شرک کرتے اور نہ ہمارے باپ دادا اور نہ ہم کوئی چیز حرام ٹھہراتے۔‘‘ (الأنعام: 148) بہر حال لوگوں پر شریعت کے احکام کی متابعت لازم ہے۔ اس متابعت کو مشیت الٰہی کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے ۔
4۔امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث سے جبر یہ قدریہ اور معتزلہ کی تردید کی ہے جو مشیت اور ارادے میں فرق کرتے ہیں۔ واللہ أعلم۔