تشریح:
1۔یہ حدیث پہلے(7410۔7440) بیان ہو چکی ہے۔ ہم نے وہاں اس اعتراض کا جواب دیا تھا کہ اس کی ابتدا اس کی انتہا سے ہم آہنگ نہیں کیونکہ اس کی ابتدا میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس شفاعت طلب کرنے والے عام لوگ ہیں جبکہ سفارش خاص اس اُمت کے لیے کی جا رہی ہے؟ نیز اس سفارش کا مطالبہ میدان محشر کا خوف وہراس دور کرنے کے لیے تھا جبکہ اس میں لوگوں کو دوزخ سے نکالنے کا ذکر ہے؟ ہم نے وہاں جواب دیا تھا کہ اس حدیث میں اختصار ہے کہ اس میں صرف امت محمدیہ کی سفارش پر اکتفا کیا گیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سفارش کرنے کی اجازت دی جائے گی جس کا اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے وعدہ کیا ہے۔ وہ قیامت کے دن خوف وہراس کے ازالے کے لیے ہوگی۔ یہی وہ مقام محمود کی خصوصیت ہے جس میں کوئی اور نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا شریک نہیں ہے جہنم سے نکالنے کے متعلق دیگرانبیاء علیہم السلام بلکہ صلحائے امت بھی سفارش کریں گے۔ اس حدیث میں ہے کہ اللہ تعالیٰ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے فرمائے گا کہ جس کے دل میں جو رائی کے دانے کے برابر بھی ایمان ہے اسے دوزخ سے نکال لاؤ۔
2۔امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس سے ثابت کیا ہے کہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اپنے انبیاء علیہم السلام سے ہم کلام ہوگا لیکن جہمیہ اور معتزلہ اسے تسلیم نہیں کرتے۔ ان کا کہنا ہے کہ آواز حروف سے کلام کرنا جسم کا خاصا ہے جس سے اللہ تعالیٰ پاک ہے۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث سے ان کی خوب تردید فرمائی ہے کہ اللہ تعالیٰ کا کلام مبنی برحقیقت ہے اور وہ مخلوق کے کلام سے مشابہت نہیں رکھتا اور اللہ تعالیٰ کا کلام قرآن مجید کے علاوہ بھی ہے، نیز وہ غیر مخلوق ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قیامت کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سفارش سے ہمکنار کرے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے جھنڈے تلے ہم سب کو جمع کرے۔ آمین یارب العالمین۔