تشریح:
(1) رسول اللہ ﷺ دو سجدوں کے درمیان بڑے اطمینان اور سکون سے بیٹھتے تھے اور یہ بیٹھنا فرض ہے۔ اور اس مین طمانیت و اعتدال بھی فرض ہے، لیکن افسوس کہ عام لوگوں کو اس قعدے کا علم ہی نہیں کہ وہ کیا ہوتا ہے۔
(2) حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ دونوں سجدوں کے درمیان یہ دعا پڑھتے تھے: (اللهم اغفرلي وارحمني وعافني واهدني وارزقني) (سنن أبي داود، الصلاة، حدیث:850) ’’اے اللہ! مجھے بخش دے، مجھ پر رحم فرما، مجھے عافیت سے رکھ، مجھے ہدایت دے اور مجھے روزی عطا فرما۔‘‘ حضرت حذیفہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ دو سجدوں کے درمیان یہ دعا پڑھا کرتے تھے: (رب اغفرلي، رب اغفرلي) (سنن أبي داود، الصلاة، حدیث:874) ’’اے میرے رب! مجھے معاف فرما۔ اے میرے رب! مجھے معاف فرما۔‘‘