تشریح:
1۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے پہلے مطلق علم کی ترغیب کے متعلق بیان کیا تھا اب علم حدیث کی فضیلت کے متعلق حدیث لائے ہیں۔ حدیث لغوی طور پر نئی چیز کو کہتے ہیں قرآن کریم چونکہ قدیم ہے اس کے مقابلے میں حدیث نئی چیز ہے محدثین کی اصطلاح میں حدیث کی تعریف یہ ہے۔ ہر وہ قول و فعل اور اقرار واخلاق جس کی نسبت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف ہو۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو علم حدیث سے خصوصی شغف تھا۔ خود فرماتے ہیں کہ میرے انصاری بھائی کھیتی باڑی میں مصروف رہتے اور مہاجرین اپنے کاروبار میں مشغول رہتے اور میں ہر وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں رہتا، مبادا آپ کی کوئی بات یا ادارہ جائے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نسیان کی شکایت کی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی چادر بچھائی اس پر کچھ پڑھا پھر فرمایا: ’’ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اسے اپنے سینے سے لگالو۔‘‘ جس سے ان کا سینہ گنجینہ احادیث بن گیا۔ (صحیح البخاري، العلم، حدیث: 119)
2۔ قیامت کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سفارش مختلف اندازسے ہوگی۔ 1۔ترقی درجات و رفع منازل کی سفارش۔ 2۔ بلا حساب و کتاب دخول جنت کی سفارش۔ 3۔ عذاب جہنم سے تخفیف کی سفارش۔ 4۔ دوزخ سے بعض اہل ایمان کو نکالنے کی سفارش 5۔ مستحق نار کو عذاب سے نجات کی سفارش۔ 6۔ محشر کی ہولنا کی سے نجات کی سفارش
3۔ دل سے کلمہ اخلاص کہنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرے، کیونکہ جو شخص شرک کرتا ہے اس کا محض زبانی دعوی ہے، دل سے اس کا اقرار نہیں کرتا، ان میں سفارش کا زیادہ حقدار وہ ہوگا جس نے اخلاص کے ساتھ کلمہ پڑھا ہو گا۔