تشریح:
(1) ”کعبہ“ تقریباً چوکور اور بلند عمارت کو کہا جاتا ہے۔ بیت اللہ بلند بھی ہے اور تقریباً مربع بھی، اس لیے اس کا نام کعبہ پڑ گیا۔
(2) ”کعبہ کی تعمیر“ عام مورخین کے نزدیک یہ تعمیر بعثت سے صرف پانچ سال پہلے ہوئی اور عام لوگوں کے ساتھ اپ نے بھی اس کی تعمیر میں حصہ لیا بلکہ حجر اسود کی تنصیب آپ کے مبارک ہاتھوں ہی سے ہوئی اور قریش مکہ خون ریزی سے بچ گئے۔
(3) ”کمی کر دی“ کیونکہ ان کے پاس پاک اور حلال مال کی کمی تھی۔ پوری تعمیر زیادہ اخراجات کی متقاضی تھی اسی لیے انھوں نے شمالی جانب سے تقریباً ایک تہائی حصہ چھوڑ دیا۔ اس حصے کو حجر یا حطیم کہا جاتا ہے۔ اس وقت اس حصے پر کندھوں تک دیوار بنی ہوئی ہے۔ اس حصے کے باہر رہنے کا فائدہ یہ ہوگیا کہ جو شخص بیت اللہ کے اندر نماز پڑھنا چاہے، وہ اس حصے میں نماز پڑھ لے ورنہ ہر کسی کے لیے بیت اللہ کھولنا ناممکن ہے۔
(4) ”زمانہ کفر تازہ نہ ہوتا“ رسول اللہﷺ کو خطرہ تھا کہ اگر کعبے کو گرا کر تعمیر کیا گیا تو عرب میں ہر طرف شور مچ جائے گا کہ نئے نبی نے کعبہ ڈھا دیا ہے۔ تعمیر کو کوئی نہیں دیکھے گا۔ نیز وہ لوگ شاید اس بات پر یقین بھی نہ کرتے کہ واقعتا یہ عمارت ناقص ہے، بلکہ وہ اسے ”ہر کہ آمد عمارت نو ساخت“ پر محمول کرتے۔ بعد میں خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم نے بھی تعمیر نو نہ کی۔ انھیں رسول اللہﷺ کی خواہش کا علم نہ ہو سکا، یا انھوں نے بھی اسے مصلحت کے خلاف ہی سمجھا۔ بعد میں حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ نے اپنے دور اقتدار میں کعبے کی عمارت رسول اللہﷺ کی خواہش کے مطابق تیار کر دی مگر تھوڑے عرصے بعد ہی حجاج نے خلیفہ عبدالملک کے حکم پر دوبارہ پہلی عمارت بحال کر دی۔ اور اب تک وہ اسی حالت پر قائم ہے اور ان شاء اللہ قرب قیامت تک رہے گی۔
(5) ”اگر حضرت عائشہؓ نے … الخ“ اس جملے کا یہ مطلب نہیں کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ کو حضرت عائشہؓ کے سماع میں شک ہے، بلکہ یہ کلام کا ایک انداز ہے۔ مطلب یہ ہے کہ چونکہ حضرت عائشہؓ نے بات نقل فرمائی ہے، لہٰذا بیت اللہ کے حطیم کی جانب والے دو کونوں کو نہ چھونے کی ایک معقول وجہ یہ بن سکتی ہے۔ اور حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کا یہ اندازہ ٹھیک ہے۔ چونکہ یہ دونوں کونے اپنی اصل جگہ پر نہیں، لہٰذا طواف کے دوران میں ان کونوں کو ہاتھ نہیں لگایا جاتا، جبکہ رکن یمانی کو ہاتھ لگایا جاتا ہے اور حجر اسود (جو عین مشرقی کونے میں ہے) کو منہ یا ہاتھ لگانا مسنون ہے۔ ہاتھ نہ لگ سکے تو اشارہ بھی کافی ہے۔
(6) فتنے اور فساد کے خطرے کے باعث کوئی مباح کام وقتی طور پر ترک کیا جا سکتا ہے۔ واللہ أعلم