تشریح:
(1) باب سے حدیث شرف کی مطابقت بالکل واضح ہے کہ مرتد کی توبہ بھی قبول ہے۔
(2) آیات و احکام الٰہی کا نسخ شرعاً ثابت ہے اور اس مسئلے کی بابت اہل اسلام کا اجماع ہے کہ دین میں کئی احکام پہلے دئیے گئے، بعد ازاں انہیں منسوخ کر دیا گیا۔ پھر کبھی تو ان سابقہ احکام کی مثل عطا فرمایا گیا اور کبھی ان سے بھی بہتر۔ ارشاد باری ہے: ﴿مَا نَنْسَخْ مِنْ آيَةٍ أونَأْتِ بِخَيْرٍ مِنْهَا أَوْ مِثْلِهَا﴾ (البقرة: ۲:۱۰۶) ”جس آیت کو ہم منسوخ کر دیں یا بھلا دیں، اس سے بہتر یا اس جیسی اور لاتے ہیں۔“
(3) تشریح و تنسیخ احکام میں محض اللہ عز و جل کی حکمتِ بالغہ کار فرما ہے۔ وہ ہر چیز کو خوب جانتا اور ہر چیز پر خوب قدرت رکھتا ہے۔ جب، اور جب تک وہ چاہتا ہے کسی چیز کی بابت اسے بجا لانے کا حکم فرماتا ہے اور جس وقت چاہتا ہے اسے ختم فرما دیتا ہے۔ وہ ﴿فَعَّالٌ لِمَا يُرِيدُ﴾ ہے۔
(4) یہ حدیث دلالت کرتی ہے کہ اگر کسی کو زبردستی کفر کرنے پر مجبور کر دیا جائے جبکہ اس شخص کا دل ایمان پر مطمئن ہو تو وہ شخص قابل مؤاخذہ نہیں۔
(5) اس سے یہ مسئلہ بھی ثابت ہوا کہ جب زبردستی کرائے جانے والے کفر پر گرفت نہیں تو جو …کفریہ اعمال… اس سے کم تر درجے کے ہیں، ان پر بطریق اولیٰ کوئی مؤاخذہ نہیں ہو گا۔ بندوق کے زور پر یا کسی اور طریقے سے زبردستی کی جانے والی طلاق بھی نافذ نہیں ہو گی۔
(6) کسی بھی معاملے میں جائز سفارش، حاکم یا غیر حاکم کے پاس کی جا سکتی ہے جیسا کہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالٰی عنہ نے حضرت عبداللہ بن سعد بن ابو سرح رضی اللہ تعالٰی عنہ کی سفارش رسول اللہ ﷺ سے کی تھی۔
(7) حاکم چاہے تو کسی کی جائز سفارش قبول کر لے، چاہے تو رد کر دے اسے اس کا اختیار ہے۔
(8) رسول اللہ ﷺ کے ہاں حضرت عثمان رضی اللہ تعالٰی عنہ کا عظیم مقام و مرتبہ بھی اس حدیث پاک سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے ایک بہت بڑے مجرم کی بابت ان کی سفارش قبول فرما لی، حالانکہ قبل ازیں نبی ﷺ اسے قتل کرنے کا حکم صادر فرما چکے تھے اور حرم شریف کے اندر بھی اس کا خون بہانا جائز اور حلال ہو چکا تھا۔ وَ لِلّٰہِ دَرُّہٗ۔
(9) یہ حدیث دلالت کرتی ہے کہ رسول اللہ ﷺ کمال درجے کے مہربان و شفیق انسان تھے۔ مرتد ہو جانے والے، انتہائی ایذا رساں شخص کو معاف کر دینا، آپ کے رحمۃ للعالمین ہونے کا عجیب مظہر ہے۔ صلی اللہ علیه وسلم- فداہ أبي و أمي و عرضي۔
(10) اس بات پر اتفاق ہے کہ مرتد مرد اور مرتد عورت اگر توبہ کر لیں اور دوبارہ اسلام قبول کر لیں تو ان کو قتل نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات رسول اللہ ﷺ نے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالٰی عنہ کو یمن بھیجتے وقت ارشاد فرمائی تھی۔ اگر وہ توبہ نہ کریں تو انہیں بے دریغ قتل کر دیا جائے گا، مرد ہو یا عورت۔ احناف عورت کو ارتداد کی سزا میں قتل کرنے کے قائل نہیں مگر ان کے پاس اس کی کوئی دلیل نہیں۔