تشریح:
1۔ دور جاہلیت میں عرب کے دو مشہور قبائل خزاعہ اور بنو لیث میں عداوت تھی جس کے نتیجے میں، بنولیث کے ایک آدمی نے خزاعہ کے ایک احمر نامی شخص کو قتل کر دیا تھا، پھر فتح مکہ کے وقت اعلان امن کے بعد خزاعہ کے ایک خراش بن امیہ نامی آدمی نے بنو لیث کے جندب بن اقرع نامی شخص کو موقع پا کر قتل کر دیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس شکایت کی گئی کہ اعلان امن کے بعد خزاعیوں کی طرف سے یہ حرکت ہوئی ہے کہ جس سے امن عامہ کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے، چنانچہ آپ فوراً تشریف لائے اور خطبہ ارشاد فرمایا۔
2۔ اس روایت میں امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ میرے استاد ابونعیم نے القتل یا الفیل کو تردد کے ساتھ پیش کیا ہے جبکہ اس روایت کے دوسرے راوی عبیداللہ بن موسیٰ وغیرہ متعین طور پر الفیل کہتے ہیں جیسا کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے کتاب الدیات(حدیث 6880) میں اس کی وضاحت کی ہے۔ متعین طور پر بیان کرنے کی صورت میں معنی یہ ہوں گے کہ اللہ تعالیٰ نے مکہ مکرمہ سے اصحاب فیل کو روکا ہے، یعنی جب شاہ حبشہ نے ہاتھیوں سے مکہ مکرمہ پر حملہ کیا تھا تو اللہ تعالیٰ نے چھوٹے چھوٹے پرندوں کے ذریعے سے ان کے دماغ درست کردیے تھے۔ یہ اس وقت کا ذکر ہے جب مکہ بیت الاصنام تھا۔ اب جبکہ وہ دارالاسلام بن چکا ہے تواس میں قتل وغارت اور امن شکنی کو کیسے برداشت کیا جاسکتا ہے۔ (فتح الباري: 272/1)
3۔ یمنی قبیلہ بنو کلب کے شخص نے کیا لکھنے کی درخواست کی؟ اس کی یہاں وضاحت نہیں جس سے اشکال پیدا ہوتا ہے۔ ایک دوسری روایت کے آخر میں وضاحت ہے کہ آپ نے اسے خطبہ لکھ کردینے کا حکم دیا تھا، چنانچہ اس حدیث کے راوی ولید بن مسلم نے اپنے استاد الاوزاعی سے دریافت کیا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا چیز لکھنے کی درخواست کی گئی تھی؟ تو انھوں نےفرمایا: پند ونصائح پر مبنی خطبہ لکھنے کی درخواست کی گئی تھی۔ (صحیح البخاري، اللقطة، حدیث: 2434) امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے قائم کردہ عنوان سے حدیث کا یہی حصہ مطابقت رکھتا ہے۔ اس سے ثابت ہوا کہ کتابت حدیث کا یہ عمل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں آپ کی اجازت سے شروع ہوچکا تھا۔ (فتح الباري: 273/1) اس کا مطلب یہ ہے کہ تدوین احادیث کی بنیاد خود زمانہ نبوی سے رکھی جا چکی تھی جسے خلیفہ راشد حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ کے زمانے میں نہایت اہتمام سے ترقی دی گئی۔ اب جو لوگ اسے عجمی سازش قراردیتے ہیں اور اس میں شکوک وشبہات پیداکرتے ہیں وہ دشمن اسلام ہیں، ان کی باتیں قابل التفات نہیں ہیں۔
4۔ جب مکے کی سرزمین باعث حرمت ہے تو اس کا درخت کاٹنا، کانٹا توڑنا جائز نہیں ہے، البتہ وہ کانٹے جوگزرنے والوں کے لیے باعث تکلیف ہوں کاٹے جاسکتے ہیں کیونکہ حدود حرم میں اذیت ناک چیزوں کو ختم کرنا ضروری ہے جیسا کہ پانچ موذی جانوروں کو مارنے کی وضاحت ہے۔ جب کانٹوں کے متعلق اتنی پابندی ہے تو گھاس کاٹنے کی بھی اجازت نہیں دی جا سکتی، اسی بنا پر حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے درخواست پیش کی کہ اذخر(خوشبودار گھاس) کاٹنے کی اجازت دی جائے کیونکہ ہم اسے اپنے گھروں میں بچھاتے اور چھتوں پر ڈالتے ہیں، نیز قبروں میں لحد اور ان کے فرجات بند کرنے میں کام آتی ہے، یعنی زندوں اور مردوں ہی کو اس کی ضرورت رہتی ہے، چنانچہ آپ نے اسے کاٹنے کی اجازت دے دی۔
نوٹ: حرم اور غیرحرم میں گری پڑی چیز اٹھانے کے مسائل اور قتل ناحق کے احکام کتاب اللقطہ اور کتاب الدیات میں بیان کیے جائیں گے۔