تشریح:
(1) جامع ترمذی اور صحیح ابن خزیمہ کی روایت میں ہے کہ حضرت بلال ؓ نے عرض کیا: میں جب بھی بے وضو ہوتا ہوں تو وضو کر لیتا ہوں اور اس کے بعد دو رکعت پڑھتا ہوں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’اسی وجہ سے تم نے یہ انعام حاصل کیا ہے۔‘‘ (جامع الترمذي، المناقب، حدیث:3689، و صحیح ابن خزیمة:213/2، و مسند أحمد:360/5) یہ حدیث ان احادیث کے معارض نہیں جن میں اس حقیقت کو بیان کیا گیا ہے کہ تم میں سے کوئی بھی اپنے عمل کی وجہ سے جنت میں داخل نہیں ہو گا کیونکہ جنت میں داخلہ تو صرف اللہ کے فضل و کرم سے ہو گا، پھر داخلے کے بعد درجات کا تفاوت اعمال کی وجہ سے ہو گا۔ (فتح الباري:48/3) اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ حضرت بلال ؓ نبی ؑ سے پہلے جنت میں داخل ہو گئے، کیونکہ حضرت بلال اس عالم رنگ و بو میں ایک خادم خاص کی حیثیت سے آپ کے آگے آگے ہوتے تھے، اس لیے نیند میں بھی وہ اسی صورت میں رسول اللہ ﷺ کے سامنے آئے۔ واضح رہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت بلال ؓ کو نیند کی حالت میں دیکھا تھا اور آپ کی عادت مبارک تھی کہ نماز فجر کے بعد اپنا خواب بیان کرتے یا کسی دوسرے کا خواب سن کر اس کی تعبیر کرتے تھے۔ روایت میں نماز فجر کے ذکر سے اسی حقیقت کی طرف اشارہ مقصود ہے۔ (فتح الباري:44/3)
(2) ابن جوزی فرماتے ہیں کہ وضو کے بعد نماز پڑھنی چاہیے تاکہ وضو بلا مقصد نہ ہو۔ امام بخاری ؒ اس حدیث کو نماز تہجد میں لائے ہیں تاکہ تحیۃ الوضوء ثابت کیا جائے۔ ہمیشہ با وضو رہنا مومن کے لیے ایک زبردست ہتھیار ہے، کیونکہ شیطان نجس اور پلید چیزوں سے مانوس ہوتا ہے اور طہارت و پاکیزگی سے نفرت کرتا ہے، نیز جب آدمی باوضو رہتا ہے تو رات دن کی نمازیں اس سے فوت نہیں ہوتیں۔