تشریح:
(1) سحول، یمن کے ایک گاؤں کا نام ہے جس میں سوتی کپڑے تیار ہوتے تھے۔ اس کی طرف منسوب کپڑوں کو سحولیہ کہا جاتا تھا۔ صحیح مسلم کی ایک روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کو ایک یمنی دھاری دار چادر میں لپیٹ دیا گیا تھا جو عبداللہ بن ابی بکر ؓ کی تھی، پھر بعد میں اسے اتار دیا گیا تھا۔ (صحیح مسلم، الجنائز، حدیث: 2180 (941))
(2) مزید برآں اس روایت میں یہ بھی ہے کہ حضرت عبداللہ بن ابی بکر ؓ نے اس چادر کو اپنے کفن کے لیے رکھ لیا لیکن بعد میں خیال آیا کہ اگر اللہ تعالیٰ اس قسم کے کفن سے خوش ہوتا تو رسول اللہ ﷺ کو ضرور اس میں کفن دیا جاتا۔ پھر انہوں نے اس چادر کو فروخت کر کے اس کی قیمت کو صدقہ کر دیا۔
(3) رسول اللہ ﷺ کو اس چادر میں پہلے اس لیے لپیٹا گیا تھا تاکہ اس کے ذریعے سے آپ کا جسم مبارک خشک ہو جائے۔ اس کے بعد تین چادروں کو استعمال کیا گیا۔ والله أعلم۔