تشریح:
(1) اشیائے خورد و نوش سے ایسی چیزیں مراد ہیں جو دیر تک رکھنے سے خراب ہونے کا اندیشہ ہو یا ان کے علاوہ ایسی خیرات جو خاوند کو ناگوار نہ گزرے اور نہ اسے زیادہ نقصان ہی پہنچنے کا خطرہ ہو، کیونکہ حدیث میں غیر مفسدہ کی شرط ہے، یعنی اصلاح کی نیت ہو، گھر کو بے آباد کرنا اور اجاڑنا مقصود نہ ہو، نیز گھر کی اصلاح بیوی اور میاں کے باہمی تعاون ہی سے ہو سکتی ہے۔ خازن کا بھی یہی حکم ہے، کیونکہ مال اسی کے قبضے میں ہوتا ہے۔ افساد اور اسراف سے دونوں کو اجتناب کرنا چاہیے۔ (2) حدیث میں خادم کا لفظ نہیں ہے اور عنوان میں خدمت گزار کا ذکر ہے۔ اس کی تطبیق یوں ہے کہ امام بخاری ؒ نے خازن اور بیوی پر خدمت گزار کو قیاس کیا ہے، کیونکہ خدمت گزاری ان سب میں علت مشترکہ ہے۔ الغرض مالک مال، خزانچی اس کی حفاظت اور بیوی صحیح مصرف میں خرچ کرنے اور صدقہ و خیرات نکالنے کی وجہ سے اللہ کے ہاں اجروثواب کے حقدار ہوں گے۔ اسی طرح خرچ کرنے کی ترغیب اور امانت و دیانت کی تعلیم و تلقین بھی ہے۔ (3) ابن رشید نے کہا ہے کہ امام بخاری نے اس عنوان کے ذریعے سے تنبیہ کی ہے کہ خازن، خادم اور بیوی، حقیقی مالک کے امین ہیں۔ انہیں مالک کی اجازت ہی سے اس کے مال میں تصرف کرنا چاہیے، وہ اجازت عرفا ہو یا اجمالا یا تفصیلا۔ (فتح الباري:371/3)