تشریح:
(1) رسول اللہ ﷺ نے حج سے فراغت کے بعد اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے لیے خیف بنو کنانہ کا انتخاب کیا تھا کیونکہ اسی جگہ کفار مکہ نے رسول اللہ ﷺ کی دعوت کو ناکام کرنے کا معاہدہ کیا تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے ان کے عزائم خاک میں ملا کر اپنے رسول ﷺ کو کامیاب فرمایا۔ آپ پر وہ وقت بھی آیا کہ آپ انتہائی مجبور تھے، رات کے وقت چھپ کر مکہ سے نکلے تھے، آج اللہ تعالیٰ نے آپ کو مکہ مکرمہ کی حکومت عطا فرمائی تھی۔ (2) جب کفار قریش کو یہ اطلاع ملی کہ حبشہ کے بادشاہ نے مکہ سے ہجرت کرنے والوں کی بہت عزت افزائی کی ہے تو انہیں سخت تکلیف ہوئی۔ رد عمل کے طور پر بنو ہاشم سے بائیکاٹ کا ایک معاہدہ تحریر کیا کہ وہ ان سے میل جول، خرید وفروخت اور بیاہ شادی نہیں کریں گے جب تک وہ نبی ﷺ کو ہمارے حوالے نہ کر دیں، پھر انہوں نے اس دستاویز کو کعبہ کے اندر لٹکا دیا اور نبوت کے ساتویں سال اس بائیکاٹ کے نتیجے میں بنو ہاشم شعب ابی طالب میں بند ہو کر رہ گئے۔ بنو مطلب بھی ابو طالب کے پاس اس وادی میں چلے گئے۔ تین سال تک ان کے ہاں تاجروں کا آنا جانا بند رہا حتی کہ وہ سخت مشقت میں پڑ گئے۔ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کو بذریعہ وحی خبر دی کہ صحیفے کی ظلم و ستم پر مشتمل باتوں کو دیمک چاٹ گئی ہے، صرف اللہ کا نام باقی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنے چچا ابو طالب سے اس کا تذکرہ کیا تو اس نے کفار قریش سے کہا کہ تم اپنے معاہدے کو دیکھو۔ اگر وہ صحیح سالم ہے تو میں اپنے بھتیجے کو تمہارے حوالے کر دوں گا، چنانچہ جب صحیفہ دیکھا تو رسول اللہ ﷺ کی بات صحیح نکلی۔ اللہ کے نام کے سوا تمام تحریر کو دیمک نے کھا لیا تھا۔ یہ منظر دیکھ کر کفار قریش بہت نادم ہوئے اور بائیکاٹ ختم کرنے پر مجبور ہو گئے، چنانچہ نبوت کے دسویں سال بنو ہاشم وغیرہ شعب ابی طالب سے باہر آئے۔ (السنن الکبرٰی للبیھقي:365/6) (3) امام بخاری ؒ نے بنو عبدالمطلب کے بجائے بنو المطلب کو حقیقت سے زیادہ قریب بتایا ہے کیونکہ عبدالمطلب ہاشم کے بیٹے ہیں اور مطلب ہاشم کے بھائی ہیں اور یہ دونوں عبد مناف کے بیٹے ہیں، الغرض کفار قریش نے بنو عبد مناف کے متعلق معاشی بائیکاٹ کرنے کی قسم اٹھائی تھی اور وہ بنو ہاشم اور بنو مطلب ہیں نہ کہ بنو عبدالمطلب۔ واللہ أعلم۔ (4) واضح رہے کہ اس دستاویز کو لکھنے والا منصور بن عکرمہ عبدری تھا جس کا ہاتھ شل ہو گیا تھا۔